نئی دہلی، 6 نومبر (یو این آئی)سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے ملک میں عدم رواداری کے حالیہ واقعات پر سخت تنقید کرتے ہوئے آج کہا ہے کہ اظہار رائے ، مذہب، اعتقاد اور خیالات کی آزادی پر حملے کو کسی بھی طرح جائز نہیں ٹھہرایا جاسکتا اور نہ ہی اختلاف کرنے کے حق کو چھینا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر سنگھ نے ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے 125ویں یوم پیدائش کے
سلسلے میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن محض آزادی کے لئے ہی ضروری نہیں ہے بلکہ معاشی ترقی ، دانشورانہ سوچ کو آگے بڑھانے کے لئے بھی ضروری ہے۔
انہوںنے کہا کہ ’’ملک اینٹ اور گاڑھے سے نہیں بنتا بلکہ اقدار وروایات سے بنتا ہے،عدم تشدد، رحم، انصاف ،آزادی ،وقار ، بھائی چارہ اور تنوع ہماری خصوصیات ہیں اور ان میں کسی بھی طرح کی کمی ملک کو کمزور کرے گی۔